اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی گرفتاری کی تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آگئیں — ذرائع کے مطابق اسے دبئی میں ایک دعوت کے دوران ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، محکمہ پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی خالد وریا دبئی میں گوجرانوالہ کے دو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے مشن پر موجود تھے۔ انہوں نے دبئی پولیس کے تعاون سے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا، جہاں کارروائی کے دوران اتفاقاً طیفی بٹ بھی مہمان کے طور پر موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق، ڈی ایس پی خالد وریا نے کارروائی کے دوران طیفی بٹ کو پہچان لیا اور فوری طور پر اس کی گرفتاری کا عمل شروع کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ فی الحال ملزم دبئی پولیس کی تحویل میں ہے۔مزید بتایا گیا کہ لاہور پولیس نے طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے پہلے ہی ریڈ وارنٹ حاصل کر رکھے تھے۔ اب ان ہی وارنٹس کی بنیاد پر اس کی پاکستان منتقلی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق، ریڈ وارنٹ کا عمل مکمل ہوتے ہی طیفی بٹ کو لاہور ایئرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بالاج قتل واقعے کے بعد طیفی بٹ اسلام آباد سے گلاسگو فرار ہو گیا تھا، تاہم لندن کا ویزہ ختم ہونے پر وہ اسے تجدید کروانے کے لیے دبئی آیا، جہاں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔