ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)سعودی عرب نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے شاندار سہولت متعارف کرا دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے کہا ہے کہ مملکت میں سیاحتی ویزہ پر آنے والے مسلمان افراد اپنے قیام کے دوران عمرہ بھی ادا کر سکیں گے ۔ اس کے علاوہ انہیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖمیں نماز پڑھنے اور زیارت کی بھی
اجازت ہو گی۔ تاہم عمرہ اور نماز وں کے لیے انہیں پیشگی اندراج کروانا ہوگا۔سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق جو سیاح عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں غیر ملکی معتمر کی حیثیت سے اعتمرناً ایپ میں اپنا اندراج کروانا ہو گا اور نمازوں کے لیے بھی بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔ جو افراد اس سعادت کو حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہیں پہلے”توکلنا” ایپ میں اپنا ویکسی نیشن اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرنا ہوگا جس میں ظاہر کیا جائے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں یا پہلی خوراک لگوائے کم از کم 14 روز گزر گئے ہیں۔عمرہ کے لیے سیاحوں کو اعتمرناً ایپ پر اندراج تبھی کروانے کی اجازت ہو گی جب وہ مملکت میں پہنچ چکے ہوں گے۔دوسری جانب مسجد حرام کی انتظامیہ نے عمرہ سیزن کے لیے اپنی تیاریوں کو بڑھا دیا ہے۔ کرونا وائرس سے بچا کے لیے مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں سینی ٹائزیشن ، تطہیر اور خوشبو سے معطر کرنے کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
تقریبا 4 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین کارکنان دن میں 10 مرتبہ مختلف نوعیت کے سینی ٹائزرز اور خوشوبو دار مواد کے ذریعے مسجد حرام ، اس کے صحن اور ملحقہ علاقوں کی صفائی انجام دے رہے ہیں۔ اس کام میں روزانہ 60 ہزار لیٹر کے قریب ماحول دوست مواد اور 1200 لیٹر خوشبو کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں اس عمل میں 470 کے قریب
مشینیں اور آلات استعمال ہو رہے ہیں۔حرم شریف کی انتظامیہ نے بیت اللہ آنے والوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کو بھی بڑھا دیا ہے۔ ان اقدامات پر عمل درامد کو یقینی بنانے کے واسطے زمینی ٹیمیں چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہیں۔ نماز سے پہلے اور اس کے بعد تمام اہم مقامات اور وضو خانوں کی سینی ٹائزیشن کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سینی ٹائزیشن کے عمل کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے 550 سے زیادہ مشینیں اور آلات کو کام میں لایا جا رہا ہے۔ ان کے علاوہ مسجد حرام کے تمام گوشوں میں سینسر سے کام کرنے والی 500 ڈشیں رکھی گئی ہیں۔ ان کے ذریعے روزانہ 20 ہزار لیٹر سے زیادہ ماحول دوست سینی ٹائزر مواد بیت اللہ کی خدمت کے واسطے استعمال ہو رہا ہے۔ اسی طرح 11 روبوٹ بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ روبوٹس مصنوعی ذہانت کی خصوصیت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔