اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی میں ایک شخص محض ایک سال میں 21بچوں کا باپ بن گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس 57سالہ کاروباری شخص کا نام گیلب اوزترک ہے جس نے یہ بچے روایتی طریقے سے بیوی یا بیویوں کے ذریعے پیدا نہیں کیے بلکہ مصنوعی طریقہ افزائش آئی وی ایف کو بروئے کار لاتے ہوئے
سروگیٹس(متبادل ماﺅں) کے ذریعے پیدا کیے ہیں۔ گیلب اور اس کی بیوی کرسٹینا ، جو جارجیا کی شہری ہے، زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کرنا چاہتے تھے۔ کرسٹینا نے خود 9بچے پیدا کیے اورپھر انہوں نے یک دم زیادہ بچے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔اس کے لیے انہوں نے متعدد خواتین کو پیسوں کے عوض ہائر کیا، ڈاکٹروں نے لیبارٹری میں گیلب کے سپرمز اور جارجینا کے بیضوں کے ذریعے ایمبریوز (ناپختہ بچے)پیدا کیے اور انہیں سرجری کے ذریعے ان متبادل ماﺅں کے پیٹ میں رکھ دیا۔ ان متبادل ماﺅں نے گیلب اور کرسٹینا کے ان بچوں کو اپنے پیٹ میں پرورش دی اور پیدائش کے بعد بچے ان کے حوالے کر دیئے اور اپنا معاوضہ وصول کرلیا۔ کرسٹینا کا کہنا ہے کہ ”اب ہم 30بچوں کے ماں باپ بن چکے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ہمارے 105بچے ہوں اورامید ہے کہ اب میری یہ خواہش بہت جلد پوری ہو جائے گی۔“واضح رہے کہ گیلب اور کرسٹینا نے جو 9بچے خود پیدا کیے ان میں سب سے بڑے کی عمر 34سال ہے اور سب سے چھوٹا 12سال کا ہے۔