راولپنڈی (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نور مقدم کے مجرموں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ،میرا بس چلے تو قاتل کو گولی ماردوں، افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے میں گرفتار زٹیکسی ڈرائیورز کو رہا کردیا وہ بے قصور ہیں، چین اور پاکستان کے تعلقات ہمالیہ کے پہاڑوں سے بلند ہیں ،انہیں کوئی طاقت بھی خراب نہیں کرسکتی،سندھ والے مکمل
لاک ڈاؤن کر کے اپنا نقصان خود کریں گے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید 500 سے کیمرے لگانے کی ضرورت ہے ،میری جان کو خطرہ ضرور ہے لیکن گھبرانے والا نہیں ، میڈیا کا شکر گزار ہوں میری درخواست پر لال حویلی پر ہونیوالی فائرنگ کی زیادہ کوریج نہیں دی، لئی ایکسپریس میری زندگی اور سیاست کا مسئلہ ہے، جب وہ بن جائیگی تو سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لوں گا،سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج سمیت سول ادارے بھی مستعدد ہیں۔راولپنڈی میں مقامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد حساس شہر ہیں۔انہوں نے کہا نور مقدم کے مجرموں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور میرا بس چلے تو میں قاتل کو گولی ماردوں۔وزیر داخلہ نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘جو پاگل لوگ ایسے جرائم کرتے ہیں انہیں زیادہ کوریج نہ دیں کیونکہ ایسے بیمار زہن کے لوگ زیادہ شہرت چاہتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘یہ حقیقت ہے کہ میں نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے میں گرفتار ٹیکسی ڈرائیورز کو رہا کرادیا کیونکہ وہ بے قصور ہیں،
ان کے گھر میں روٹی نہیں ہے، صبح نکلتے ہیں اور شام کو کما کر گھر پہنچتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ جس نے افغان وزارت خارجہ آئیں گے انہیں تمام دستاویزات پیش کریں گے، افغان سفیر کی بیٹی نے 6 ٹیکسی ڈرائیوروں کو ادائیگی کے ساتھ ٹپس بھی دیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو تمام ریکارڈنگ اور دستاویزات دے دیئے ہیں ، میں ذاتی طور پر انہیں کچھ نہیں دے سکتا، یہ وزارت خارجہ
کا کام ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ لال حولی پر پہلے بھی حملے ہوئے ہیں اور گزشتہ روز ہونے والے حملے سے متعلق پولیس اپنی تحقیقات کررہی ہے، سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے اب میں وہاں صرف ایک دن موجود ہوتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ضرور ہے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، میڈیا کا شکر گزار ہوں میری درخواست پر لال حویلی پر
ہونیوالی فائرنگ کی زیادہ کوریج نہیں دی۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان سے متعلق بیان وزارت خارجہ دے گا جبکہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج سمیت سول ادارے بھی مستعدد ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ والے مکمل لاک ڈاؤن کر کے اپنا نقصان خود کریں گے، ساری دنیا نے وزیر اعظم عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن کی تعریف کی،
حکومت سندھ کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے طریقہ اپنانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ وزیر داخلہ نے تقریب میں موجود افراد کو ماسک پہننے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا سے احتیاط برتیں اور اپنے آپ کو محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید 500 سے کیمرے لگانے کی ضرورت ہے لیکن 190 لگانا چاہتے ہیں، ایک شہر کے ساتھ فوج کا ہیڈ کواٹر اور
دوسرے کے ساتھ سارا ڈپلومیٹک سیکشن ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرح کی باتیں کرتے تھے کہ آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے جارے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔وزیر داخلہ نے طالبان اور چین کے مابین مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات ہمالیہ کے پہاڑوں سے بلند
ہیں اور انہیں کوئی طاقت بھی خراب نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم چین پر اعتماد کرتی ہیں اور بعض ممالک پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کیلئے سازش کررہے ہیں، ہمارے تعلقات کبھی خراب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام مسائل حل ہوگئے ہیں جبکہ لئی ایکسپریس میری زندگی اور سیاست کا مسئلہ ہے، جب وہ بن جائے گی تو سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔