کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں ایک چینی باشندہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گلبائی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم افرا د نے 2 چینی باشندوں پر فائرنگ کردی جس کے
نتیجے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوگیا ۔ڈی آئی جی ساؤتھ زون کراچی جاوید اکبر ریاض نے واقعہ سے متعلق کہا ہے کہ چہرے پر ماسک پہن کر دو مسلح افراد موٹر سائیکل پر سوار ہوکر موقع واردات پر پہنچے جہاں 2 چینی باشندے ڈرائیور کے ہمراہ گاڑی میں فیکٹری سے اپنی رہائش گاہ پر جانے کیلئے بیٹھے تھے، مسلح افراد نے گاڑی کے قریب پہنچتے ہی فائر کھول دیا۔زخمی چینی باشندے کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، ڈاکٹر ز کے مطابق چینی شہری کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق غیر ملکی شہریوں کی شہر میں نقل و حرکت کے حوالےسے پولیس کو ابتدائی اطلاع دی جاتی ہے مگر چینی باشندوں کے حوالے سے پولیس کو کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔تاہم ایس ایس پی کیماڑی نے واقعہ سے متعلق مختلف بیان دیا اور کہا کہ واقعہ گلبائی کے بجائے راستے میں پیش آیا، فائرنگ کے بعد گاڑی کے ڈرائیور نے موقع سے گاڑی بھگائی اور گلبائی پل کے نیچے پہنچ گیا جہاں سے ایمبولینس میں چینی شہری کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب بی ایل ایف نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کر لی۔