اسلام آباد (اے پی پی)گیلپ سروے آف پاکستان نے آزاد کشمیر الیکشن سے قبل عوامی ر حجان پر مبنی سروے رپورٹ جاری کردی جس میں پاکستان تحریک انصاف کشمیریوں کی سب سے مقبول جماعت اور وزیراعظم عمران خان پسندیدہ ترین لیڈر قرار پائے ہیں، جبکہ کشمیری عوام کی اکثریت کی رائے میں 25 جولائی کے انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔
آزاد اور خود مختار سروے کرنے والے ایک غیر سرکاری تحقیقی ادارے گیلپ آف پاکستان نے یہ سروے آزاد کشمیر کے تمام 10اضلاع میں کرایا ۔ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 44 فیصد حمایت کے ساتھ کشمیریوں کی سب سے پسندیدہ جماعت قرار پائی اور ن لیگ 12 اور پیپلز پارٹی صرف 9 فیصد عوام کی حمایت حاصل کرسکی۔گیلپ سروے کے مطابق تحریک انصاف کی مد مقابل دونوں جماعتوں کو مشترکہ طور پر صرف 21 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے اور سروے میں پاکستان تحریک انصاف تنہا 44 فیصد حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں کشمیری عوام کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا اور آزاد کشمیر کی 67 فیصد عوام نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیا ۔گیلپ سروے میں بلاول بھٹو 49 اور شہباز شریف 48 فیصد حمایت حاصل کر سکے۔گیلپ سروے کے مطابق مریم
نواز کو صرف 44 فیصد لوگوں کی حمایت حاصل ہوئی۔ گیلپ سروے میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی اکثریت کی رائے میں 25 جولائی کے انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔گیلپ سروے کے دوران عوام سے مختلف سوالات پوچھے گئے تھے جن میں رہنمائوں کی مقبولیت ،آزاد کشمیر کے موجودہ صدر اور وزیراعظم کی کارکردگی ، عوام کو درپیش مسائل ، ان کی نظر میں کون جیتے گا اورانتخابات کی شفافیت سے متعلق سوالات شامل تھے۔