اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی انتخابی کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین سردار تنویر الیاس نے بے بنیاد الزامات پر مسلم لیگ (ن)کی راہنما مریم صفدر کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ پانچ سال آپ کی حکومت ریاستی وسائل کو نہ لوٹتی توآج آپ جلسیاں نہ کر رہی ہوتیں۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں سردار الیاس نے کہا ہے کہ مریم صفدر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،مریم صفدر کی تکلیف کی مجھے اور ہماری پارٹی کو اچھی طرح سمجھ ہے ۔ انہوں نے مریم صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانچ سال آپ کی حکومت ریاستی وسائل کو نہ لوٹتی توآج آپ جلسیاں نہ کر رہی ہوتیں ،مریم صفدر آزاد کشمیر بھر میں ناکام انتخابی مہم کے بعد من گھڑت الزامات پر اتر آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اگر اپنے لگائے گئے الزامات میں سچی ہیں تو الیکشن سے پہلے ہی مناظرے کیلئے میدان میں آئیں، ایک بھی الزام ثابت کر دیں تو میں سیاست سے الگ ہو جائوں گا۔انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اپنے والد سے پوچھیں کہ انہوں مجھے کتنی بار سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی کی آفرز دیں، مجھے آپ کے والد نے آفرز دیں ، میں نے کبھی ٹکٹ نہیں مانگا، بلکہ ٹھکرایا ہے۔ میں ایک کرپٹ اور ملک دشمن بیانیے کی حمایت نہیں کر سکتا تھا۔مریم صفدر میں اگر اخلاقی جرات ہے تو میدان میں آئیں اور اپنے الزامات ثابت کریں ، ورنہ معافی مانگیں۔