دمشق(این این آئی )خانہ جنگی سے تباہ حال ملک شام میں غربت و افلاس سے تنگ ایک شہری اپنی دو کم سن بچیوں کو دارالحکومت دمشق کے ایک اسپتال میں چھوڑکر چلا گیا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کمسن بچیاں کافی دیر سے بیٹھے بھوک و پیاس سے رو رہی تھیں کہ اسپتال انتظامیہ نے ان سے والدین کے بارے میں پوچھا لیکن انہوں
نے کوئی جواب نہیں دیا۔تاہم ان کے پاس سے ایک پرچی ملی جس پر تحریر تھا، بچے بھوکے اور پیاسے ہیں ان کا خیال رکھیں، ساتھ ہی بچیوں کے لیے چند سطور تحریر تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بچوں مجھے معاف کردینا۔رپورٹ کے مطابق وہاں موجود ایک خاتون دونوں بچیوں کی کفالت کا ذمہ لیتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔