سائو پالو(این این آئی)برازیل کی حکومت نے بھارت بائیو ٹیک سے مہلک کورونا وبا سے بچائو کی دو کروڑ ڈوزز خریدنے کے معاہدے کو معطل کردیا ہے جس سے کمپنی کی ویکسین Covaxinکو بیرون ملک فروخت کرنے کے کمپنی کے
منصوبے کو شدید دھچکا پہنچا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برازیل کے وزیر صحت مار سیلو کیویروگا نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے فیڈرل کمپٹرولر جنرل کی سفارشات کے تحت بھارت بائیو ٹیک کے ساتھ ویکسین کی دو کروڑ ڈوزز کی فراہمی کے تیس کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فیڈرل کمپٹرولر جنرل اس معاہدے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرر ہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فیڈرل کمپٹرولر جنرل پورے معاہدے کا جائزہ لینے کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ کرے گا کہ آیا اسے جاری رکھنا ہے یا نہیں۔ برازیل اور بھارت بائیوٹیک کے درمیان معاہدے پر ایک مقامی کمپنی Precisa Medicamentosکے ذریعے دستخط کئے گئے تھے اور اس معاہدے پر ملک میں شدیدسیاسی طوفان برپاتھا کیونکہ حکومت کی طرف سے مہلک وبا سے نمٹنے میں بد انتظامی کی تحقیقات کرنے والے پارلیمانی کمیشن آف انکوائری نے اس معاہدے کو اپنا بنیادی ہدف بنا رکھا تھا ۔