لاہور( این این آئی)پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی، پہلی اور دوسری جماعت کے بچے زبانی، تیسری سے آٹھویں جماعت کے بچے تحریری امتحان دیں گے،مجموعی طورپر81 لاکھ بچوں کا امتحان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پیک نے پہلی سے
آٹھویں جماعت کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے، پہلی اور دوسری جماعت کے بچوں کا زبانی امتحان ہوگا،تیسری سے آٹھویں جماعت کے بچوں سے تحریری امتحان لیا جائے گا،18 اور 19 جون کو انگریزی کا پیپر لیا جائے گا، 21 اور 22 جون کو اردو کا پیپر ہوگا۔23 اور 24 جون کو ریاضی، 25 اور 26 جون کو اسلامیات کا پیپر لیا جائے گا۔28 اور 29 جون کو سائنس، 30 جون کو معاشرتی علوم،عربی ،زراعت اور کمپیوٹر کا امتحان ہوگا جبکہ نتائج کا اعلان 10 جولائی کو کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا پارٹنر سکولوں کے صرف 25 فیصد طلبا ء کا کوالٹی ایشورنس امتحان لینے کا فیصلہ کیا، پیف پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم 27 لاکھ طلبا میں سے 25 فیصد طلبا ء کا انتخاب کر کے امتحان کا انعقاد کرے گا، پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن پارٹنر سکولوں کے طلبا کا کوالٹی ایشورنس امتحان تین شفٹوں میں ہوگا،نرسری، پریپ اور پہلی جماعت کا امتحان زبانی لیا جائے گا، دوسری جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک کے طلبا ء کا تحریری امتحان ہوگا، پیف 27 لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کا کوالٹی ٹیسٹ لے گا۔پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن ہر کلاس کے 25 فیصد طلبا ء کو منتخب کرے گا، پیف خود سے سکولوں میں طلبا کو امتحان کے لئے منتخب کرے گا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں امتحانات کا انعقاد 20 جون سے 10 جولائی تک ہوگا، پیف نے پارٹنر سکولوں کے طلبا ء کیلئے امتحان کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹہ مقرر کیا ہے۔ سکولوں میں زیر تعلیم طلبا ء کا اردو، سائنس، انگریزی اور ریاضی کا امتحان لیا جائے گا،ساتویں جماعت تک انگریزی مضمون کے نمبرز رزلٹ کا حصہ نہیں ہوں گے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کا صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا جائے گا۔