اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فن لینڈ کی وزیراعظم سینا میرین نے ناشتے کی مد میں 14 ہزار ڈالر قومی خزانے میں جمع کرانے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فن لینڈ کی وزیراعظم نے میل (کھانا) الائونس کی مد میں
ڈیڑھ سال تک ناشتے کا خرچ سرکاری خزانے سے لیا، جس پر ان کے خلاف کافی شور مچا۔پولیس نے تفتیش کی اور ثابت ہوگیا کہ سینا میرین نے ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے اپنے خاندان کیلئے سبسڈی کی سہولت حاصل کی۔سینا میرین کے بارے میں گزشتہ ماہ ایک مقامی اخبار میں خبر چھپی تھی کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ناشتے کیلئے حکومت سے فی ماہ 300 یورو یا 365 ڈالر کا مطالبہ کررہی ہیں جبکہ وہ سرکاری رہائش گاہ میں رہتی ہیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ وزیراعظم کا موقف تھا کہ یہ مراعات ان سے پہلے کے حکمرانوں کو بھی ملتی رہی ہیں۔ تاہم قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم کے ناشتے کی شہریوں کی ٹیکس کی رقم سے ادائیگی فن لینڈ کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔فن لینڈ کی وزیراعظم نے ناشتے پر سبسڈی کی مد میں لی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا اعلان کردیا، جوتقریبا ً14 ہزار ڈالر بنتی ہے۔