راولپنڈی(این این آئی)کیٹیگری سی ممالک سے متعدد مسافروں کا جعلی دستاویزات پرپاکستان سفر کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے ۔ سی اے اے کے مطابق کچھ مسافروں نے ٹیمپرڈ اور جعلی استثنیٰ دستاویزات کے ذریعے پاکستان آنے کی کوشش کی، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے تمام ایئرلائنز کو انتباہی مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلہ کے مطابق ٹیمپرڈ اور جعلی استثنیٰ کی
حامل دستاویزات پر سفر کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی ،کورونا کے باعث پاکستان نے ممالک کی درجہ بندی پر مبنی فہرست مرتب کی ،کیٹیگری سی ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد مجاز اتھارٹی کی اجازت سے مشروط ہے۔ مراسلہ میں کہاگیاکہ سی کیٹیگری ممالک کے مقامی افراد نے استثنیٰ دستاویزات میں جعلسازی کرنے کی کوشش کی، ان واقعات سے کورونا کے پھیلاوْ کے خلاف مہم کو نقصان پہنچنے کا خدشہ اور وائرس منتقلی کے خطرات کا امکان ہے،سنگین واقعات کا مجاز اتھارٹی نے سخت نوٹس لیا ہے ، کیٹگری سی ممالک کے مسافروں کو مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری اصل استثنیٰ دستاویزات پر فلائٹ میں سوار کرایا جائے،کیٹیگری سی کے مسافروں کی پاکستان آمد کے لئے جاری استشنی کی متعلقہ حکام سے تصدیق پر ہی متعلقہ دستاویزات قبول کئے جائیں گے۔ مراسلہ میں کہاگیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے م آپریٹرز کو ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانی کی ہدایت کی ۔