کراچی(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں نہ گورنر راج آ رہا ہے اور نہ ہی آپریشن کرنے جا رہے ہیں،کسی مشن پر نہیں آیا، امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے،وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی کے دورے پر آیا ہوں، ایسا تاثر دیا جارہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد امن و امان کی
صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میں کسی مشن پر نہیں ہوں، امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے اور آج دوپہر گورنر سندھ سے ملاقات کر کے نادرا کا دورہ بھی کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا بہت بڑی چور بازاری ہے، اس ملک میں کرپشن کے ڈھیر ہیں اور نئے چیئرمین کے ساتھ مل کر ان کا صفایا کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا احترام کرتا ہوں لیکن میں غیر ذمے دار نہیں ہوں اور وزیراعظم کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو آپ کہہ رہے ہیں کہ گورنر راج آ رہا ہے یا ہم آپریشن کرنے جا رہے ہیں تو ایسا کچھ نہیں ہے، رینجرز اور ایف سے بات کر کے معاملے بہتر کریں گے اور اسی لیے صبح دس بجے مل رہے ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان کا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں وزارت داخلہ کی طرف سے کسی چھرے کی بندوق کا لائسنس بھی جاری نہیں ہوا، یہ انہی کے دور میں جاری کیے گئے۔اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی سے منشیات کا خاتمہ کریں گے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ سے بات کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کی ٹیم کا ایک وزیر ہوں، وزیراعظم نے اسد عمر اور گورنر سندھ کے کہنے پر مجھے حکم دیا ہے کہ میں کراچی جاؤں اور انہیں رپورٹ کروں، جس نے مجھے آرڈر دیا ہے میں اس کو رپورٹ جمع کراؤں گا
ان کا کہنا تھا کہ امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے، جو وزیر اعلیٰ کہیں گے، امن و امان کے قیام کے لیے سارے سندھ کو صاف کریں گے اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ میں سندھ کے مسئلے کی بات کرنے نہیں بلکہ امن و امان پر بات کرنے آیا ہوں، نہ کسی کی وزارت میں داخلت کرتا ہوں اور نہ ہی کسی کو اپنی وزارت میں دخل دینے دیتا ہوں۔اس سے قبل وفاقی
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہم کراچی جا رہے ہیں اور سب لوگوں سے ملاقات ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کا جائزہ لینے کے لیے جارہا ہوں اور مشن صرف امن ہے۔انہوں نے کہا کہ
کراچی میں میری اہم ملاقاتیں طے ہیں۔ کراچی سے واپسی پر وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کروں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں صرف ایک گروپ ہے اوروہ عمران خان کا ہے۔ صرف ایک گروپ ہے جو عمران خان ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ رنگ روڈ معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے۔ عمران خان دورمیں اتنا بڑا ریکوڈک کیس جیتا گیا۔