دبئی (اے پی پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بائولنگ میں بنگلہ دیشی سپنر مہدی حسن میراز دوسرے اور فاسٹ بائولر مصطفیض الرحمان نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بیٹنگ میں مشفق الرحیم کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں میں
شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔آف سپنر مہدی حسن میراز تین درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، انہوں نے سری لنکا کے خلاف دو ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر7 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے۔ اسی طرح فاسٹ بائولر مصطفیض الرحمان آٹھ درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغان بائولر مجیب الرحمان کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی بائولر شامل نہیں ہے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 84 اور دوسرے ون ڈے 125 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے والے بنگلہ دیشی بلے باز مشفق الرحیم چار درجے ترقی پاکر 14 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی دوسرے اور روہیت شرما تیسرے نمبر پر ہیں۔