اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی) پاکستان نے رواں مالی سال کے دس ماہ ( جولائی تا اپریل ) کے دوران 10ارب19کروڑ59لاکھ ڈالر ( 1631 ارب98کروڑر وپے ) غیر ملکی قرضہ لیا ۔ رونامہ جنگ میںتنویر ہاشمی کی شائع خبر کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے جاری اعدادوشمار کے مطابق غیر ملکی مالیاتی ملٹی لیٹرل اداروں سے تین ارب 7کروڑ ڈالر ،
باہمی معاہدوں کے تحت مختلف ممالک سے 37کروڑ65لاکھ ڈالر ، انٹرنیشنل بانڈز کےا جراء سے 2ارب50کروڑ ڈالر ،، کمرشل بنکوں سے 3ارب24کروڑ60کروڑ ڈالر اور چین سے سیف ڈیپازٹ کی مد میں ایک ار ب ڈالر قرضہ حاصل کیا۔دوسری جانب پاکستان کے غیر ملکی قرضوں میں رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 806 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی اکتوبر تا دسمبر 2020 کے اختتام پر غیر ملکی قرضوں کا حجم 117.115 ارب ڈالر تھا تاہم تیسری سہ ماہی میں جنوری تا مارچ 2021کے خاتمہ پر قرضوں کا حجم 116.309 ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔اس طرح رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں تیسری سہ ماہی کے دوران غیر ملکی قرضوں میں 806 ملین ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پاکستان نے غیر ملکی قرضہ جات کی ادائیگی کی مد میں 3.576 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں۔رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں جولائی تا مارچ 21۔ 2020 کے دوران پاکستان نے مجموعی طور پر غیر ملکی قرضوں کی مد میں 10.633 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020کے دوران اس مد میں 14.578 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔