اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ریکوڈک کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آگیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان نے آپ کیلئے بڑا کیس جیت لیا ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بابر اعوان نے لکھا ہے کہ ’’مبارک پاکستان! عمران خان نے
آپ کے لئے بڑا کیس جیت لیا۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کے ہائی کورٹ نے روزویلٹ ہوٹل اور آسکرائب ہوٹل پیرس پاکستان کو واپس کردئیے، ریسور ہٹ گئے۔ انکا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال ہو گئے ہیں جبکہ ٹیتھان کا مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے ۔ حکمران عمران خان جیسا ہو تو ملک کا وقار اسی طرح بحال ہوتا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ریکوڈیک کیس میں وزیر اعظم نے ذاتی دلچسپی لی۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈیک کیس کی جیت پر خوشی ہے کیونکہ جب اقتدار میں آئے تو مسائل کا انبار تھا لیکن ریکوڈیک کیس میں وزیر اعظم نے ذاتی دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر پاکستان کا دفاع کریں گے اور آخری دم تک پاکستان کے لیے کھڑے رہیں گے۔ وزارت قانون جو کام کرتی رہی وہ ایک دن میں نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ ریکو ڈک کیس میں برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان اور پی آئی اے کے حق میں فیصلہ دیدیا۔گزشتہ روزبرٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ (بی وی آئی) نے ریکوڈک کے معاملے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن انوسٹمنٹ لمیٹڈ کے اثاثے ٹیتھیان کاپر کمپنی (ٹی سی سی) کے حق میں ضبط کرنے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔اٹارنی جنرل خالدجاوید کے آفس سے جاری بیان کے مطابق بی وی آئی ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے اثاثے منسلک کرنے کے فیصلے کیخلاف حکومت پاکستان کی درخواست منظور کرلی۔ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کیخلاف تمام فیصلے واپس لے لئے گئے ۔ریکوڈک کیس میں ٹیتھیان کا پر کمپنی کے حق میں دیئے گئے فیصلے کالعدم قراردے دیئے گئے ۔روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی واپس پاکستان کو مل گئے ۔پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال کرتے ہوئے روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل میں لگائے گئے ریسیور ہٹا دیئے گئے ۔ ٹی سی سی برٹش ورجن آئی لینڈ میں ریکوڈک ایوارڈ پر عملدرآمد کیلئے گئی تھی،تاہم اسکی د رخواست خارج کردی گئی۔ٹیتھیان کمپنی کو پاکستان کے قانونی چارہ جوئی (مقدمہ)پر ہونیوالے اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔