پیرس(اےایف پی) سائنسدان پہلی بارنابینا شخص کی بینائی جزوی بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے۔پیر کو شائع ہونے والے ایک حیرت انگیز مطالعہ کے نتائج کے مطابق سائنسدان پہلی بار کسی نابینا مریض کے خلیوں میں تبدیلی کرکے جزوی طور پر اس کی بینائی بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،
اس سرجری میں اوپٹوجینیٹکس نامی تکنیک استعمال کی گئی یہ تکنیک گزشتہ 20 سال کےدوران نیورو سائنس کی فیلڈ میں تیار کی گئی ہے ،یہ تکنیک جینیاتی طور پر خلیوں میں ردوبدل کرتی ہے جس کے ذریعے زیادہ ہلکے حساس پروٹین تیار ہوجاتے ہیں۔یورپ اور امریکا میں سائنس دانوں نے ایک ایسے شخص کوآپریشن کے لئے منتخب کیا جو 40 سال قبل’’ فوٹوریسپٹر‘‘ نامی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنی بینائی سے محروم ہوچکا تھا ۔پہلے کلینیکل میں ،58 سالہ مریض کی بینائی جزوی بحال ہوئی اور اسے سامنے موجودٹیبل پر رکھی مختلف اشیاء کو پہچاننے ، گننے ، ڈھونڈنے اور چھونے کے قابل بنا دیا گیا۔فرانس کی سوربون یونیورسٹی اور نیشنل سینٹر برائے سائنسی تحقیق کے مرکزی مطالعے کے مصنف جوز الائن ساحل نے کہا کہ اس ٹرائل نےاس تصور کی تصدیق کردی ہےکہ انسانوں کی بینائی بحال کرنے کے لئے اوپٹوجینیٹکس تکنیک استعمال کی جاسکتی ہے۔