اسلام آباد (آن لائن ) سعودی سفارتخانے کاکہناہے کہ حج کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا، صرف مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔ جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اس حوالے سے جو کچھ کہا جا
رہا ہے وہ تجاویز ہیں جو کہ ابھی تک زیر غور ہیں۔ دریں اثنا ء وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے سعودی وزیر حج و عمرہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں حج کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ نورا لحق قادری نے کہاکہ سعودی وزارت حج نے ابھی حجاج کی تعداد اور ایس او پیز پر کوئی فیصلہ نہیں کیا،سعودی وزارت صحت نے کچھ سفارشات تیار کی ہیں ، اس بارے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ میری ذمہ داری ہے اصل حقائق سے عوام کو آگاہ کروں۔ حتمی فیصلے سے قبل سعودی عرب پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو اعتماد میں لے گا ۔ واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی نے بتایا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج پر ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ 18 سال سے کم عمر اور 60 سال سے زائد عمر والے افراد کو حج ادائیگی کی اجازت نہیں ملے گی۔