اسلام آباد (این این آئی)قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے منفی 0.4 فیصد سے منفی 0.5 فیصد کے گزشتہ سال کے اپنے اعداد وشمار پر نظرثانی کی ہے، گزشتہ برس پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 3 فیصد کمی آئی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ غیرجانبدار معاشی ماہرین اس سال بھی پاکستانیوں کی حقیقی آمدن میں کمی ہونے کا بتا رہے ہیں لہذا شرح ترقی اس سال بھی غیرحقیقی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ کی طرح نظرثانی پر آئند برس کم ہوگی،25 فروری کے بعد ہر ہفتے میں قیمتوں کا حساس اعشاریے 13 فیصد اضافہ دکھا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ اتنی بلند مہنگائی کی شرح جہاں صرف خوراک کی قیمتوں میں 14 فیصد سے زائد اضافہ ہوامڈل کلاس کو تباہ کرچکی ہے، عمران خان اس ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لئے چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پچاس لاکھ لوگوں کو بے روزگار اور 2 کروڑ کو بدترین غربت میں دھکیل چکی ہے۔ کامیاب معیشت میں مہنگائی کم، روزگار میں اضافہ ہوتا ہے، حکومت سکول، ہسپتال اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بناتی ہے۔