کراچی (آن لائن)صوبائی مشیر ورکس سروسز نثار کھوڑو نے لاڑکانہ میں پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے بھائی کی جانب سے ایکس ای این لاڑکانہ سے ہاتھا پائی اور بدکلامی کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ نثار کھوڑو نے سیکرٹری ورکس سروسز عمران عطا سومرو کو لاڑکانہ کے انجینئر سے ہاتھا پائی اور بدکلامی کرنے والے پی ٹی آئی سینیٹر کے بھائی رحمت ابڑو کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ ترجمان مشیر ورکس سروسز کے مطابق رحمت اللہ ابڑو
اپنے بھائی کے بل بوتے پر غنڈہ گردی کے ذریعے سرکاری افسران پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی سینیٹر کے بھائی رحمت اللہ ابڑو کا انجنیئر سے ہاتھ پائی اور بدکلامی کا عمل سرکار کے کام میں غیر قانونی مداخلت کرنے کے مترادف اور غنڈہ گردی ہے۔ کسی کو غنڈہ گردی اور سرکاری افسران پر دباؤ ڈالنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔افسران میرٹ پر کام کرنے کو ترجیح دیں، غنڈہ گردی کرنے والے کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔