اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہائیوں کا ظلم و ستم ، جبری پالیسیاں اور نام نہادنسل کشی فلسطینیوں کے جوش و جذبے کو توڑ نہیں سکے ۔منگل کے روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ
عالمی برادری موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل کو فلسطین کے خلاف اس ظلم و جبر سے روکے اور مسئلے کا فوری اور مستقل حل یقینی بنائے ۔قبل ازیں سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کے گھرکا تقدس پامال کرنا ریاستی جبر کی ایک شرمناک مثال ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہاکہ مخدوم جاوید ہاشمی اور ان کے خاندان کو کل سے نشانِ عبرت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،جو بد ترین فسطائیت ہے۔نوازشریف نے کہاکہ جاوید ہاشمی کے گھرکا تقدس پامال کرنا ریاستی جبر کی ایک شرمناک مثال ہے۔اْنہیں وقت کے فرعونوں نے اپنی رعونت سے کئی بار آزمایا مگر ہمیشہ ناکامی انکا مقدر رہی۔کس کس کا گھر گرائو گے ؟۔