اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر غلام سرور خان سے مکالمہ کیا کہ آپ نے رنگ روڈ پر پریس کانفرنس کرکے اچھا نہیں کیا جس پر
وفاقی وزیر نے بتایاکہ میرا رنگ روڈ معاملے سے تعلق نہیں مگر مجھے اس میں گھسیٹا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور کے درمیان رنگ روڈ معاملے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر سے کہا کہ آپ نے رنگ روڈ پر پریس کانفرنس کرکے اچھا نہیں کیا۔اس پر غلام سرور نے جواب دیا کہ چارٹی وی چینلزنے غلط طورپرمیرا نام لیا، پریس کانفرنس ضروری تھی، میرا رنگ روڈ معاملے سے تعلق نہیں مگر مجھے اس میں گھسیٹا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے پر پنجاب حکومت کے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو انکوائری دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرغلام سرور نے پنجاب حکومت کے رنگ روڈ انکوائری کیلئے جاری ٹی او آرز پر اعتراض کیا جس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ انکوائری آپ کے خلاف نہیں ہے۔