اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان وسابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، وزیراعظم اتنے نالائق ہیں کہ ان کے پاس
نقل کیلئے بھی عقل نہیں ہے، عمران خان اپنی نہیں تو اس باوقار منصب، پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت کا ہی کچھ خیال کریں۔ بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے رابیندرناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹویٹ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، وزیراعظم اتنے نالائق ہیں کہ ان کے پاس نقل کیلئے بھی عقل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عادی جھوٹے تو آپ ہیں ہی اور اوپر سے دوسروں کے اقوال کسی اور نام سے جاری کرنے پر بھی شرمندہ نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب دانشوروں کے اقوال نشر کرنے سے پہلے تصدیق تو کرلیا کریں،یہ آپ کا بولا ہوا جھوٹ نہیں ہے جو آپ بغیر تصدیق کے بولنے کے عادی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب رات بارہ بجے خطاب اور ٹویٹ سے پہلے تھوڑا سوچ لیا کریں کہ آپ کی وجہ سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی نہیں تو اس باوقار منصب، پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت کا ہی کچھ خیال کریں۔