اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا پیپلز پارٹی کا مطالبہ مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلاول علی وزیر کی بجائے اپنے اور والد صاحب کے پروڈکشن آرڈرز کی فکر کریں۔ بدھ کو بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے
معاون خصوصی وزیراعظم برائے یوتھ افئیرعثمان ڈار نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ عثمان ڈار نے کہاکہ علی وزیر کے پروڈکشن آڈرز جاری کرنے کا مطالبہ شرمناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول علی وزیر کی بجائے اپنے اور والد صاحب کے پروڈکشن آرڈرز کی فکر کریں۔انہوں نے کہاکہ بلاول ریاست مخالف عناصر کی کھل کر پشت پناہی پر اتر آئے۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کو برا بھلا کہنے والوں کی حمایت بڑی سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ علی وزیر کو ساتھیوں سمیت ریاست مخالف سرگرمیوں پر کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پروڈکشن آرڈرز کی آڑ میں ملک دشمنی کو پروان دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بلاول احتساب سے بچنے کے لئے ملک دشمن عناصر کا استعمال بند کریں۔انہوں نے کہاکہ بلاول کے غیر سنجیدہ مطالبوں سے شر پسند عناصر کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ احتساب کی راہ میں نہ رکاوٹ بنے ہیں نہ کسی اور کو بننے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ کرپٹ عناصر کے ساتھ ساتھ ملک دشمن عناصر کو بھی بے نقاب کریں گے۔