لاہور (آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان سرفراز احمد آج 32 برس کے ہو گئے ہیں اور سالگرہ کے موقع پر انہیں دنیا بھر سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور اب آئی سی سی نے بھی انہیں سالگرہ کی مبارک باد نہایت منفرد انداز میں پیش کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں اب 8 دن باقی ہیں اور اس کی مناسبت سے آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کا ٹویٹر پر خصوصی پیج بھی ہے جس پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو 32 ویں سالگرہ کی مبارک باد کا نہایت زبردست پیغام دیا گیاہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر سرفراز احمد
کو سالگرہ کی مبارک باد دی گئی اور کپتان کی ٹرافی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”کیا سرفراز ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی لے اڑیں گے“؟۔کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل ہینڈل پر سرفراز احمد کی سالگرہ کے موقع پر ان کی ماضی میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں کیپرنگ کرتے ہوئے شاندار کیچ کی یادگار ویڈیو بھی جاری کی گئی۔ سرفراز احمد نے 2007 میں بھارت کے خلاف جے پورے میں ہونے والی میچ میں ڈیبیو کیا، انہوں نے اب تک 49 ٹیسٹ، 106 ون ڈے، 55 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے ہیں اور انہوں نے مجموعی طور پر ٹیسٹ میچز میں 2657، ون ڈے میں 2128 اور ٹی ٹوینٹی میں 745 رنز بنائے ہیں۔