لاہور (این این آئی) انتظار کی گھڑیاں ختم،تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کب سے شروع ہوں گی، حتمی اعلان کردیاگیا، تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا، تمام سکولوں میں
یکم جون سے 14اگست تک چھٹیاں ہوں گی۔ اس بات کا اعلان صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے گزشتہ روز اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے نیا آن لائن سسٹم متعارف کروانے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں 1 جون سے لیکر 14اگست تک رہیں گی۔علاوہ ازیں پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین اور پینشنرز کو رواں ماہ کی تنخواہ 31مئی تک ادا کر دی جائے گی۔اس ضمن میں محکمہ خزانہ کی جانب سے گورنر پنجاب سے منظوری کے بعد اکاؤ نٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام اضلاع کے اکاؤنٹس اور ٹرثری افسران کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق یکم اور دو جون کو سرکاری تعطیل کے پیش نظر پنجاب فنانشیل رولز کے تحت گورنر پنجاب کی جانب سے منظوری دی گئی ہے کہ تمام سرکاری ملازمین اور پنشن وصول کرنیوالوں کو مئی 2019کی تنخواہ /پنشن31مئی2019تک ادا کر دی جائے گی۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ31مئی تک ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے ضروری کاروائی مکمل کر لیں۔