لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) منشیات سمگلنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑی گئی یورپی ماڈل ٹریسا کی عدالت میں پیشی، سج دھج ایسی کہ ایان علی کی یاد تازہ کر دی۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق منشیات سمگلنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑی گئی یورپی ماڈل ٹریسا کو عدالت میں پیش کیاگیا ۔ اس موقع پر ٹریسا اپنی سج دھج کے باعث کچہری میں آئے سائلین اور عملے کی نگاہوں کا مرکز بن گئیں ، سیاہ کرتے اور نیلی جینز کے ساتھ اس نے دوپٹہ بھی لے رکھا تھا جبکہ آنکھوں پر سیاہ چشمہ بھی پہن رکھا تھا جبکہ ہاتھ میں پکڑے
کاغذ کی مدد سے ٹریسا پنکھا جھل رہی تھیں۔ اپنے وکیل اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ٹریساکو اپنی ویڈیو بنائے جانے کا احساس ہوا تو اس نے اس انداز سے مسکرا کر کیمرے کی جانب دیکھا جیسے ماڈلنگ کر رہی ہوں۔واضح رہے کہ 21 سالہ ٹریزا ہیلسکی کا تعلق یورپی ملک جمہوریہ چیک سے ہے، اسے رواں برس لاہور ایئر پورٹ سے گرفتارکیا تھا جب اس کے سامان سے 9 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔ ٹریزا بھی منشیات اسمگلنگ کی کوشش کا اعتراف جرم کرچکی ہیں اور معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔