لاہور(این این آئی) اداکارہ جاناں ملک نے اپنے شوہر گلوکار نعمان جاوید سے باہمی مشاورت سے طلاق ہونے کے بعد گزشتہ روز قلعہ گوجر سنگھ یونین کونسل میں اپنے وکیل کے ہمراہ تحریری بیان جمع کروادیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ یونین کونسل کی طرف سے نعمان جاوید کو جواب داخل کرنے کے چندروز پہلے نوٹس جاری کیا گیا تھا لیکن وہ جواب دینے نہیں آئے بلکہ اس سلسلہ میں انھوں نے اپنے والد کو بھجوایا۔ جب اس حوالے سے جاناں ملک سے
رابطہ کیا گیا توانھوں نےبتایا کہ نعمان اورمیرے درمیان باہمی رضامندی کے بعد طلاق ہوئی اوراس کے بعد ہم نے ایک دوسرے کے خلاف کسی طرح کے بیانات بھی نہیں دیے۔ میری نیک تمنائیں نعمان کے ساتھ ہیں، جہاں تک بات دوبارہ صلح کرنے کی ہے تواس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اداکارہ نے بتایا کہ ہمارے درمیان طلاق ہوچکی ہے اوراب کاغذی کارروائی اوراس کے مکمل ہونے کا وقت باقی ہے۔ میں نے طلاق کے بعد اپنی فنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔