لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک) ہالی وڈ کی کامیاب اداکارہ ڈیبی رینالڈز، اپنی بیٹی اداکارہ کیری فشر کی موت کے ایک روز بعد فالج ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔ 84 سالہ گلوکارہ اور اداکارہ ڈیبی رینالڈز کو فالج ہونے کے فوری بعد لاس انجیلس کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے، وہ اب میری بہن کیری کے پاس چلی گئی ہیں، فالج کا دورہ پڑنے سے قبل ہی والدہ نے کہا تھا کہ وہ کیری کو یاد کررہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ اس کے پاس رہیں۔ اس کے کچھ دیر بعد ان کا انتقال ہوگیا اور یہ آخری جملے تھے جو انہوں نے ادا کئے۔ اس خبر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی کئی افراد نے کہا کہ دکھ کے باعث ان کا انتقال ہوا۔اپنے دور کی کامیاب اداکارہ ڈیبی رینالڈز کو 1964ءکی فلم ”دی انسنکیبل مولی براون“ کےلئے آسکر ایوارڈز میں بہترین اداکاری کے لیے نامزد بھی کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیبی رینالڈز 1950ءاور 1960ءکے دور میں کئی میوزیکل اور کامیڈی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں، جس میں ”سنگنگ ان دی رین“ وغیرہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ ڈیبی رینالڈز کی بیٹی 60 سالہ اداکارہ کیری فشر کو 23 دسمبر کو دوران سفر لندن کی ایک فلائٹ میں دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد وہ 27 دسمبر کو انتقال کر گئیں۔