پشاور(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوامیں انڈومنٹ فنڈ ز کی تقسیم نے فنکاروں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں لاکھڑا کردیا، امداد لینے والے فنکاروں نے حکومت کی حمایت اور محروم رہ جانے والوں نے حکومت مخالف ریلی نکالی۔خیبر پختونخوا کے فنکاروں کے دو گروپ پشاور پریس کلب کے باہر جمع ہوئے۔ ایک گروپ نے صوبائی حکومت کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے مخصوص فنڈ قائم کر کے 5 سو فنکاروں کو 30 ہزار روپےفی کس امداد فراہم کرکے قابل تحسین کام کیا ہے۔مخالف گروپ نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور محکمہ ثقافت و صوبائی حکومت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے ثقافت کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں،لیکن صوبائی حکومت نےانہیں نظر انداز کردیا اور فنڈز پسند و ناپسند کی بنیاد پر تقسیم کئے گئے۔ادھر صوبائی محکمہ ثقافت کا کہنا ہے کہ جو فنکار ابھی تک امداد سے محروم ہیں انہیں امداد دی جائے گی