ممبئی(نیوزڈیسک)پاکستانی ڈرامے ”زندگی گلزار ہے“ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ صنم سعید اوراداکار محب مرزا کی فلم”بچانا“ کو بھارت میں ریلیز کی اجازت مل گئی ہے جس کے بعد اب فلم 26 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔اداکارہ صنم سعید ڈراموں میں جاندار اداکاری کے باعث پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی شہرت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے فلمی کیرئیرکی پہلی فلم”بچانا“ کو بھارت میں بھی ریلیز کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد اب ان کی فلم پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی 26 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جب کہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی رابطوں میں اضافہ ہونا چاہئے اسی لیے پاکستانی فلم کی بھارت میں نمائش کے لیے بے تاب ہیں۔فلم”بچانا“ کی کہانی بھارتی فلم”بجرنگی بھائی جان“ سے متاثر کن ہے جب کہ فلم میں صنم سعید بھارتی لڑکی کا کردارادا کررہی ہیں جسے پاکستانی نوجوان محب مرزا بیرون ملک مشکل سے نکالنے میں مدد کرتے ہیں۔