ممبئی(نیوزڈیسک) بولی ووڈ اداکارہ سونم کپور کی نئی آنے والی فلم ’’نیرجا‘‘ کی پاکستان میں سینسر بورڈ کے بغیر ہی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی وزارت تجارت کی جانب سے فلم میں ملک کی غیر مناسب عکاسی کی بنا پر فلم امپورٹ کرنے پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے نیرجا در حقیقت 1986ء میں بھارت کی ممبئی سے نیویارک جانے والی پروازکے ہائی جیک ہونے اور اس میں موجود فلائٹ اٹینڈنٹ نیرجا بھنوٹ کے اپنی زندگی پر کھیل کر مسافروں کی جان بچانے کے واقع پر تیار کی گئی ہے۔ ممبئی سے نیویارک جانے والی اس پرواز کو ہائی جیکروں نے پاکستان کے شہر کراچی کے ہوائی اڈے پر اتار لیا تھا جہاں یہ سارا واقع رونماہوا۔ پاکستان کی وزارت تجارت نے موقف اختیار کیا ہے کہ فلم میں پاکستان کے کردار کو غیر مناسب انداز میں پیش کرنے کی کو شش کی گئی ہے۔ یاد رہے سونم کپور کی نیرجا پر پابندی پاکستانی سینسر بورڈ کی جانب سے نہیں بلکہ وزارت تجارت کی طرف سے عائد کی گئی ہے۔رام مدھونی کی نیرجا 19فروری کے روز نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔