ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ میں اپنی جاندار اداکاری کے حوالے سے شہرت رکھنے والے نوازالدین صدیقی دبنگ سپراسٹار سلمان خان کے بھائی سہیل خان کی فلم میں مرکزی کردارادا کریں گے۔بالی ووڈ اداکارنواز الدین صدیقی نے اپنی جاندار اداکاری اور انتھک محنت کے بعد فلم نگری میں مقام بنایا اور ان کا شمار صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جب کہ انہوں نے انڈسٹری کے تینوں حکمران خانز سمیت امیتابھ بچن کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں یہی نہیں انہوں نے فلموں میں مرکزی کردار ادا کرکے شائقین سے داد پائی ہے تاہم اب ایک بار پھر وہ دبنگ خان کے بھائی پروڈیوسرسہیل خان کی فلم میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار سہیل خان کی جانب سے نوازالدین صدیقی کو فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جس پر انہوں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھنے کے بعد کام کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے جب کہ فلم میں ان کے مدمقابل اداکارہ ، دیگر کاسٹ اور شوٹنگ کے حوالے سے حتمی اعلان آئندہ چند روز میں ہوگا۔واضح رہے کہ اداکار نوازالدین صدیقی اپنی نئی آنے والی فلم’’ٹی ای تھری این‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ امیتابھ بچن اور ودیابالن مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔