میروت(نیوزڈیسک) ہندوستانی ریاست اتر پردیش کی ایک مقامی عدالت نے بولی وڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان، شاہ رخ خان اور نجی ٹی وی چینل کے خلاف اداکاروں کو ایک رئیلٹی شو کے دوران جوتوں سمیت مندر میں دکھانے پر ہندو مہاسبھا کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی-انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق عدالت نے سماعت کے لیے 18جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے-ہندو مہاسبھا کے میروت یونٹ کے صدر بھارت راجپوت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ گذشتہ برس دسمبر میں کلرز ٹی وی کے مشہور رئیلٹی شو”بگ باس“ (سیزن 9) کے ایک شو کے دوران ایک مندر کا سیٹ لگایا گیا جبکہ شاہ رخ اور سلمان خان جوتوں سمیت مندر میں داخل ہوئے-راجپوت کے مطابق انھوں نے 23 دسمبر کو میروت کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو خط لکھا جبکہ چینل کو بھی ایک ای میل بھیجی گئی-انھوں نے الزام لگایا کہ مذہبی مقامات پر کسی کو بھی جوتوں سمیت داخل نہیں ہونا چاہیے اور اسے ٹی وی پر دکھانا ایک حساس معاملہ تھا کیوں کہ اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے-راجپوت کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ چینل نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اورنہ ہی انتظامیہ اور پولیس نے کوئی ایکشن لیا، اسی لیے چینل، پروگرام ڈائریکٹر اور شاہ رخ اور سلمان خان کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کی گئی-بگ باس ہندوستان کا مشہور رئیلٹی شو ہے، جس کے میزبان سلمان خان ہیں-گذشتہ ماہ شو میں شاہ رخ خان نے بھی شرکت کی، جہاں دونوں نے فلم”کرن ارجن“ کی یادیں بھی تازہ کیں-