لاہور(نیوز ڈیسک)معروف ہدایتکارواداکارسرمد سلطان کھوسٹ نے بھارت میں ہونے والے”جے پور انٹر نیشنل فلم فیسٹیول“ میں اپنی فلم”منٹو“ میں بہترین اداکارکا ایوراڈ جیت لیا ہے۔معروف پاکستانی ہدایتکارواداکارسرمد سلطان کھوسٹ نے بھارت میں ”جے پور انٹر نیشنل فلم فیسٹیول“ میں فلم”منٹو“ میں بہترین اداکارکا ایوراڈ اپنے نام کرلیا ہے جب کہ ان کے مقابل بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن اورعرفان خان جیسے فنکار تھے۔ بہترین اداکار کے علاوہ فلم ’منٹو‘ کودیگر کئی شعبوں میں بھی ایوارڈ دیے گئے۔ اس فیسٹیول میں سرمد سلطان کی فلم ”منٹو“ کے مقابلے میں امیتابھ بچن کی فلم”پیکو“دکھائی گئی۔ ایوارڈ جیتنے پر سرمد سلطان نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی بھی یہ سوچ کر کام نہیں کیا مجھے کوئی ایوارڈ دیا جائے گا۔میری توجہ صرف کام پر ہوتی ہے لیکن بھارت میں فلم اور میری پرفارمنس کو ایوارڈ ملنے پر میں بے حد خوش ہوں۔ پاکستانی سینما کے لیے یہ بڑی خبر ہے کیونکہ اس سے لوگوں میں کام کا مزید جذبہ پیدا ہوگا۔ اس موقع پر سرمدکھوسٹ کے والد عرفان کھوسٹ، صبا قمر، شاہد محمود ندیم،سویر اندیم، ماہرہ خان، شجاع سمیع،جاناں ملک اور نادیہ افگن نے بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے پر سرمد سلطان کو مبارکباد پیش کی ہے۔