کولکتہ (نیوزڈیسک)پاکستان کے معروف غزل گائیک غلام علی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 12 جنوری کو ہندوستان کے شہر کولکتہ میں پرفارمنس دینگے۔انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق غلام علی کا ہندوستان میں ہونے والا ایک کنسرٹ گزشتہ سال منسوخ ہوگیا تھا، اس بار ہونے والا کنسرٹ ہندوستان کے شہر کولکتہ میں ہوگا جس کو ویسٹ بنگال ڈیولپمنٹ اینڈ فائننس کارپوریشن کی جانب سے کرایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے غلام علی کو ہندوستان بلانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد گلوکار نے انڈیا جانے کا اعلان کیا۔غلام علی نے کہا اس تقریب میں وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی سمیت کئی معروف شخصیات شرکت کرینگی، انہوں نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔غلام علی نے اپنا گزشتہ ہندوستان کا دورہ وہاں بڑھتی شدت پسندی کے باعث اور شیو سینا کی دھمکیوں کے باعث منسوخ کیا تھا۔