لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کی معروف سپرماڈل اوراداکارہ مہرین سید نے کہا ہے کہ اچھے اورمنفرد موضوعات پربننے والی فلمیں ہی پاکستان فلم انڈسٹری کوانٹرنیشنل مارکیٹ تک لےجاسکتی ہیں۔ فارمولافلم اب شائقین کوسینما تک نہیں لاسکتی۔ ملک بھرمیں سینما گھروں کی تعداد میں اضافہ اورامپورٹ قوانین کے تحت لائی جانے والی فلموں نے شائقین کوگھروں سے دوبارہ سینما تک پہنچایا ہے۔مہرین سید نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ اوردنیا کی سب سے مقبول فلم انڈسٹری ہالی ووڈ میں کام کرنے والے فنکار آج اگردنیا بھرمیں پسند کیے جاتے ہیں تواس کا کریڈٹ حقیقت میں ان کا منفرد کام ہے۔ منفرد موضوعات اورلوکیشنزکا انتخات ان کی فلموں کو مقبول بنانے میں اہم کردارا دا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی بھی ان کی فلموں کی کامیابی میں چارچاند لگاتی ہے۔ لیکن اس وقت پاکستان میں بننے والی فلموں کوجدید ٹیکنالوجی سے ہی بنایا جا رہا ہے ، مگر ہمیں درست سمت پرا?گے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اچھے موضوعات کا انتخاب کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی فلموں کومزید بہتر انداز سے ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے اوراس سلسلہ میں فیشن انڈسٹری کے باصلاحیت ڈیزائنرز کی خدمات بھی حاصل کرنا بہت ضروری ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب فلم کے کردار خوبصورت پیراہن میں دکھائی دینگے اورگھروں کے مناظر میں خوبصورتی دکھائی دے گی توشائقین اس سے متاثرہونگے۔ دنیا کی تمام بڑی فلم انڈسٹریوں میں فیشن کے شعبے سے وابستہ افراد کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں لیکن ہمارے ہاں اس رجحان پرتاحال کوئی کام نہیں ہوسکا۔ ایک سوال کے جواب میں مہرین سید نے کہا کہ فلم میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا اورمیں مستقبل میں بھی کچھ نئے پروجیکٹس پرکام کرونگی لیکن اس کے لیے مجھے منفردکرداروں کی تلاش ہے۔ میں ایکٹنگ کرنا چاہتی ہوں لیکن معمول کا کام کرنا میرے بس کی بات نہیں۔