لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے نامور اداکار موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمار کے مداح ان کی 90 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ملائم اور دھیمے لہجے میں جذبوں کا حقیقت کے قریب تر اظہار کرنے والے موسٰی رضا المعروف سنتوش کمار اپنے فن سے مالا مال خاندان کے سربراہ تھے ، یہ فیملی سنتوش کمار،صبیحہخانم،درپن،نئیرسلطانہ،ایس سلیمان،پنا اور منصور جیسے ہیروں سے مزین تھی جو فلمی افق پر ستارے بن کر جگمگائے رہے۔ سنتوش کمار نے جہاں اپنے فلمی کرداروں کوبہترین پرفارمنس سے لازوال بنایا وہیں انہوں نے اپنے لب و لہجے ، رکھ رکھاو ، تہذیب اور اخلاق سے بھی لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔ لوگ آج بھی سنتوش کمار کو انہی اوصاف کی وجہ سے یاد کرتے ہیں۔یوں تو سنتوش کمار نے وقت کی دلکش اور حسین ادکاراویں کے مقابل کام کیا لیکن صبیحہ خانم کے ساتھ فلمی محبت کا اظہار کرتے کرتے وہ انہیں سچ مچ دل دے بیٹھے ، محبت کے عہد و پیمان ہوئے اور دونوں فلمی کے بعد حقیقی جوڑی بن گئے جو مرحوم کے آخری سانس تک قائم رہی۔ سنتوش کمار کے فن ، وجاہت اور شخصیت کا ایک زمانہ مداح تھا، ان جیسا عروج بہت کم اداکاروں کو نصیب ہوا۔ 1950 سے 1982 تک چوراسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والاپاکستان کا یہ تاریخ ساز فنکار 11 جون 1982 کو چھپن سال کی عمر میں انتقال کر گیاتاہم سنتوش کمار کا فن اور اعزازات ہمیشہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ کا حصہ رہیں گے۔