بغداد(صباح نیوز)عراق میں حال ہی میں عراق میں حسن کی ملکہ قرار پانے والی دوشیزہ شیما قاسم کو نامعلوم فون نمبروں سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں اسے کہا گیا ہے کہ وہ داعش میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے جنگجووں کے ساتھ خود کو جہاد بالنکاح کے لیے پیش کرے، ورنہ اسے لونڈی بنا لیا جائے گا۔خبررساں ایجنسی نے سعودی اخبارعکاظ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایاکہ ملکہ حسن کے مقابلے کا اہتمام کرنے والی عراق کمیٹی کے مقربین نے شیما قاسم کو نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والی دھمکیوں کی تصدیق کی ہےتاہم کمیٹی کا کہنا ہے کہ ان دھمکیوں سے شیما کے انتخاب اور اس کی بہ طور عراق کی ملکہ حسن قرار پانے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملکہ حسن کے مقابلے کے انعقاد سے قبل بھی اس نوعیت کے دھمکی آمیز پیغامات ملتے رہے ہیں، گر شیما ڈرنے والی ہوتی تو وہ پہلے ہی مقابلے سے دستبردار ہوجاتی۔ شیما اور اس کی دیگر ساتھی دو شیزاں نے مقابلہ حسن میں حصہ لے کر سماج اور انسانیت کے دشمنوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ عراق کی ثقافت ابھی تک زندہ ہے اور فطری حسن کے اظہار کے میدان میں تمام تر مشکلات کے باوجود عراق کی نمائندگی کی صلاحیت رکھتی ہیں۔خیال رہے کہ شیما قاسم کو حال ہی میں 2015 کی ملکہ حسن منتخب کیا گیا تھا۔ آخری مقابلے میں 8 دو شیزاں نے حصہ لیا۔ عراق میں سنہ 1972 کے بعد یہ پہلا ملکی مقابلہ حسن قرار دیا جاتا ہے۔