کراچی(نیوزڈیسک)کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل گرل ایان علی کی طرف سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے ۔ بی بی سی کے مطابق ایان علی بدھ کے روزسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس عبدالمالک گدی کی عدالت میں پیش ہوئیں، ان کے وکیل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے ایان علی کی پیروی کی اور عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ دبئی جانا چاہتی ہیں۔ایان علی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ دبئی میں مقیم ہیں اور انہیں اپنی والدہ کی تیمار داری کرنے کیلئے دبئی جانا ہے تاہم ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کیا جائے۔ لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ کی کرنسی سمگلنگ کے مقدمے میں ضمانت ہو چکی ہے ، اب وہ نہ کسی مقدمے میں مطلوب اور نہ ہی مفرور ہیں۔عدالت کے حکم پر ایان علی کا پاسپورٹ بھی ان کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم ان کا نام حکومت نے ای سی ایل سے خارج نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکتیں ۔ ایان علی کی درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔عدالت نے متعلقہ محکموں کو نوٹس جاری کرکے 23 دسمبر کو جواب طلب کر لیا ہے۔