ممبئی(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار11دسمبرکو 93برس کے ہوجائینگے لیکن چنائے میں آنے والے حالیہ سیلاب اور اس میں ہو نے والی ہلاکتوں کے با عث وہ اس قدر دکھی ہیں کہ انھوں نے اپنی سالگرہ کی تمام تقاریب منسوخ کر نے کا اعلان کر دیا ہے۔سماجی تعلقات کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام لکھتے ہوئے دلیپ صاحب نے کہا کہ وہ چنائے سیلاب متاثرین کے غم میں دکھی ہیں اور ان کی تما م ہمدردیاں ان متاثرہ لو گوں کے ساتھ ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ وہاں کا دورہ کرتا لیکن اپنی نا ساز طبیعت کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔دلیپ صاحب نے مزید لکھا کہ ان کی اہلیہ سائرہ با نو بھی ان کی سالگرہ منا نے کے حق میں نہیں ہیں۔واضح رہے کہ دلیپ کمار11دسمبر1922کوپاکستان کے شہر پشاور کے قصہ خوانی بازار میں محلہ خداآباد میں پیدا ہونے والے محمد یوسف خان نے بالی ووڈ میں شہرت دلیپ کمار کے نام سے حاصل کی۔دلیپ کمار نے فلمی دنیا میں اپنے کیرئیر کا آغاز 1944میں فلم”جوار بھٹا”سے کیاجس کے بعد انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا تاہم1960میں تاریخی فلم”مغلِ اعظم”میں شہزادہ سلیم کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔بیشمارفلموں میں لازوال کردار نبھانے والے دلیپ کمار کو بھارتی حکومت کی جانب سے دادا صاحب پھالکے اورپدما بھوشن ایوارڈ،پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشانِ پاکستان سمیت لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ زاور دیگر بیشمار فلمی ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔