نیویارک ( نیوز ڈییسک ) ہالی وڈ گلوکارہ میڈونا جنہیں اپنی عمر کے آدھے گلوکار کا سٹیج پر بوسہ لینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ناقدین سے سخت برہم ہیں۔ انسٹاگرام پر انہوں نے تنقید کا نشانہ بنانے والے افراد کو کہا ہے کہ وہ انہیں ناپسند بھی کرتے ہیں اور ان کی ویڈیوز بھی دیکھتے ہیں جو کہ غلط ہے۔ میڈونا نے اس موقع پر تنقید کا نشانہ بنانے والوں کیلئے ناقابل اشاعت زبان بھی استعمال کی۔
میڈونا کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے کی بڑی وجہ یہ تھی کہ نوجوان گلوکار ڈریک اس ’’اچانک حملے‘‘ کیلئے تیار نہ تھے اور سکون سے کرسی پر بیٹھے گارہے تھے کہ 56سالہ گلوکارہ نے ان پر دھاوا بول دیا۔ ڈریک کی ناگواری ان کے چہرہ صاف کرنے کے انداز سے صاف ظاہر تھی جس پر یہ بھی کہا گیا کہ میڈونا کو اپنی عمر کا لحاظ کرنا چاہئے تھا۔ ادھر ڈریک نے مروت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ساتھی گلوکارہ کا بوسہ لینا اچھا لگا تھا تاہم ان کی لپ سٹک کا ذائقہ ان کیلئے ناقابل برداشت تھا اور اسی لئے ان کے چہرے پر ناخوشگوار تاثرات آئے تھے۔