ممبئ: پاکستانی سپراسٹار فواد خان نے 2015 میں اپنے لیے ایک دلچسپ مقصد کا انتخاب کرلیا
ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں ’’ہمسفر‘‘ اور ’’زندگی گلزار ہے‘‘ جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے فواد خان نے کہا کہ وہ رواں برس ایک ایسی فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں جس میں انھیں بہت زیادہ ڈانس کرنے کا موقع ملے۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کو روایتی طور پر اس کے گانوں اور ڈانس نمبرز کی بناء پر جانا جاتا ہے اور فی الحال مجھے اب تک اپنی اس صلاحیت کے اظہار کا موقع نہیں مل سکا ہے۔ فواد خان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ جان سکیں کہ وہ کتنا اچھا ڈانس کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فلم ’’ خوبصورت‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والے فواد خان نے اپنی اداکاری پر بہترین نئے اداکار کا فلم فیئرایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اسی طرح انھیں اب تک چار سے پانچ فلموں میں کاسٹ کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جن میں وہ سونم کپور، ایشوریہ رائے، عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا اور پریانکا چوپڑا کے مدمقابل نظر آئیں گے۔