جامشورو (نمائندہ خصوصی) کوٹری کے علاقے خدا کی بستی میں ایک گھر سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، جاں بحق ہونے والوں میں عمران احمد خان، اس کی اہلیہ عالیہ، اور ان کے دو کمسن بچے شامل ہیں۔ ایس ایس پی جامشورو، ظفر صدیقی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں افراد کو ممکنہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول عمران احمد خان نے تقریباً 9 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے کے بعد کوٹری میں آ کر آباد ہوا تھا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ واقعہ غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
ظفر صدیقی کے مطابق، لاشیں تقریباً تین روز پرانی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید حقائق سامنے آ سکیں۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مقتول کے عزیز و اقارب سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔