اسلام آباد /نیویارک(این این آئی)امریکی سائنسدانوں نے کہاہے کہ مریض کے جانے کے بعد بھی کرونا کمرے میں دیر تک رہتا ہے۔برطانیہ میں سائنسدانوں کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ یہ وائرس پلاسٹک، دھات، فضا اوردیگر سطحوں پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے۔حال ہی میں امریکی سائنسدانوں کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق ایک تحقیق کی گئی ہے جس میں یہ بات پتہ چلی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے جانے کے بعد
بھی یہ وائرس اس کمرے میں کئی گھنٹوں تک موجود ہوتا ہے۔امریکی سائنسدانوں نے تحقیق کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ مریضوں کے جانے کی کافی دیر بعد بھی اس جگہ کی فضاء میں وائرس پایا گیا۔سائنسدانوں نے بتایا کہ کورونا وائرس ہسپتال کے کوری ڈور، مریضوں کے کمرے ، ایسے کمرے جہاں اسٹاف کا مسلسل آنا جانا لگا ہوتا ہے وہاں بھی پایا گیا ہے۔امریکا کی یونیورسٹی آف نیبراسکا کے محققین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ میڈیکل ورکرز کا حفاظتی لباس پہننا کتنا ضروری ہے۔