واشنگٹن (این این آئی) دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے متعلق ماہرین کو خدشہ لاحق ہوگیا ہے کہ کہیں مذکورہ وائرس خلا میں بھی نہ چلا جائے جس وجہ سے آئندہ ماہ خلا میں جانے والے تین خلانوردوں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔آئندہ ماہ اپریل میں عالمی خلائی اسٹیشن پر جانے والے روس و امریکا کے تین خلانوردوں نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر خود کو
قازقستان میں قرنطینہ کر رکھا ہے اور رواں ہفتے کے اختتام تک ان کا قرنطینہ کا دورانیہ مکمل ہوجائے گا۔ماہرین کے مطابق مذکورہ خلانوردوں کو اس لیے قرنطینہ ہونے کو کہا گیا تاکہ کورونا وائرس زمین سے خلا میں منتقل نہ ہوسکے۔عالمی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 2 روسی اور ایک امریکی خلانورد کا قرنطینہ کا دورانیہ رواں ہفتے کے اختتام کو مکمل ہوجائے گا اور تاحال تینوں خلانوردوں میں کسی بھی طرح کی بھی کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں خلانورد آئندہ ماہ اپریل کے آغاز میں ہی قازقستان کے ایک سینٹر سے عالمی خلائی اسٹیشن کیلئے اڑان بھریں گے جبکہ تینوں خلانورد آئندہ 6 ماہ تک عالمی خلائی اسٹیشن میں رہیں گے۔