اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اب بہت جلد سستے ترین سمارٹ فون استعمال کے لیے دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ گوگل کے تعاون سے دیگر کمپنیوں کے تیار کردہ سستے سمارٹ فونز آئندہ ہفتے سامنے آ رہے ہیں۔ گوگل کا سستے فونز کے لیے ڈیزائن کردہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم
کے تازہ ترین ورژن اینڈرائیڈ گو کا منصوبہ ہے اور اس بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر اس پر مبنی ڈیوائسز متعارف کرائی جائیں گی۔ گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ گو منصوبے کا اعلان گزشتہ سال مئی میں آئی او کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا جس کا مقصد آپریٹنگ سسٹم کے تازہ ترین ورژن کو سستے اور کم طاقتور فون کا حصہ بنانا تھا۔ اینڈرائیڈ گو میں 512 ایم بی یا ایک جی بی ریم والے فونز کو شامل کیا جائے گا اور اس کے لیے اینڈرائیڈ گو آپریٹنگ سسٹم کمپنیوں کو گزشتہ سال دسمبر کو فراہم کر دیا گیا تھا۔ اب بارسلونا میں اس پروگرام کے سستے ترین فونز شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔ نوکیا ون کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ یہ سمارٹ فون اس پروگرام کا حصہ ہو گا جس میں 512 ایم بی سے ایک جی بی ریم کے ساتھ اینڈرائیڈ کا تازہ ترین گو ورژن دیا جائے گا۔ جس میں 8 جی بی سٹوریج کے ساتھ دیگر بنیادی فیچرز دیے جائیں گے۔ گوگل کمپنی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اس پروگرام کے زیادہ تر موبائل کی قیمت پانچ ہزار سے کم کا امکان ہے اور یہ موبائل ترقی پذیر ممالک کے کسٹمر کو دیکھتے ہوئے بنائے گئے ہیں۔