لاس ویگاس(سی پی پی) معروف کمپنی سام سنگ اپنا نیا گلیکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس فلیگ شپ اسمارٹ فون آ ج اتوار متعارف کرے گی۔گزشتہ ماہ امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سام سنگ موبائل کے چیف ڈی جے کوہ نے بتایا تھا کہ سام سنگ فلیگ شپ کے دو سیٹ ایس 9 اور ایس 9 پلس آئندہ ماہ فروری میں متعارف کروائے جائیں گے۔اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان اب کردیا گیا ہے اور یہ دونوں اسمارٹ فونز اتوار 25 فروری کو بارسلونا میں ہونے والے ایک ایونٹ میں لانچ کیے جارہے ہیں۔
سام سنگ ایس 9 کے ساتھ سام سنگ ایس 9 پلس بھی لانچ کیا جائے گا جو سام سنگ 8 اور 8 پلس کا اپ ڈیٹڈ ورژن ہوسکتا ہے۔سام سنگ ایس 9 کی اسکرین 5.8 اور سام سنگ ایس 9 پلس کی اسکرین 6.2 انچز ہوگی۔سام سنگ کے نئے اسمارٹ فون ماڈلز میں اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر اور 6 جی بی تک ریم شامل ہوگی۔سام سنگ کے یہ ماڈلز 480 فریم فی سیکنڈ کی سلوموشن ویڈیوز ریکارڈ کرسکیں گے اور اسے ایف 2.4 سے ایف 1.5 آپرچر پر سوئچ کیا جاسکے گا۔ان فونز کا بیک کیمرا 12 میگا پکسلز جب کہ فرنٹ 8 میگا پکسلز ہوگا۔اس فون کی قیمت ممکنہ طور پر ایک ہزار ڈالرز سے شروع ہوگی، جو گلیکسی نوٹ 8 سے بھی مہنگا اسمارٹ فون ثابت ہوگا۔اسمارٹ فونز کی قیمتوں پر نظر رکھنے والے ایوان بلاس کے مطابق گلیکسی ایس 9 کی قیمت 841 یورو یعنی ایک لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے سے شروع ہوگی جبکہ ایس 9 پلس کی قیمت 997 یورو یعنی تقریبا ایک لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے ہوگی۔