نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئے دنوں بچوں کے اغواءاور پھر قتل کے واقعات سامنے آنے کے بعد ہر کوئی اپنے بچوں کیلئے فکر مند نظر آتا ہے اور چاہتا ہے کہ ان کا بچہ ہر وقت کی نظروں کے سامنے رہے ۔ اپنے بچوں کیلئے فکر مند والدین کی ٹیکنالوجی نے یہ بھی مشکل حل کردی ہے اور اب موبائل فون کے استعمال سے گھر بیٹھے آپ سکول میں موجود اپنے بچے پر نظر رکھ سکتے ہیں کہ وہ کیا کررہا ہے۔
اسی سلسلہ میں دہلی حکومت کے سکول میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ دراصل دہلی حکومت سبھی سرکاری سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے جارہی ہے۔ کیمرے نصب ہونے کے بعد والدین کو براہ راست سکول سے منسلک کردیا جائیگا تاکہ وہ دیکھ سکیں گے کہ ان کا بچہ کیا کررہا ہے یا
کس حال میں ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ جلد ہی والدین یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کا بچہ سکول میں کیا کررہا ہے، آئندہ چند دنوں میں سکول میں پڑھنے والے تمام بچوں کے والدین کے موبائل کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لنک کردیا جائیگا۔