اسلام آباد (این این آئی)معروف سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر نے سال 2017ء کے دوران کیے جانے والے مقبول ترین ٹوئٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔اس فہرست کے مطابق رواں سال کارٹر ولکرسن نامی امریکی نوجوان کا ٹوئٹ سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہا۔کارٹر نے ایک مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ سے ٹوئٹر پر ہی سوال کیا کہ اسے پورا سال مفت میں نگٹس حاصل کرنے کیلئے کتنے ری ٹوئٹس حاصل
کرنے ہوں گے۔کمپنی نے بھی فوری جواب دیتے ہوئے لکھا کہ 18ملین(1کروڑ 80لاکھ)،جس پر کارٹر نے کہا کہ سمجھیں کام ہوگیا۔اس کے بعد کارٹر نے اپنی مہم شروع کی اور ٹوئٹر صارفین سے فری نگٹس حاصل کرنے کیلئے اپنے ٹوئٹ کو زیادہ سے زیادہ ری ٹوئٹ کرنے کی درخواست کی۔صارفین نے بھی کارٹر کی خوب مدد کی تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود بھی وہ تقریباً ساڑھے 36لاکھ ری ٹوئٹس حاصل کرسکا۔کارٹر کی
اس کوشش پر کمپنی نے ٹارگٹ پورا نہ ہونے کے باوجود اسے ایک سال کیلئے فری نگٹس دینے کا اعلان کیا۔ٹوئٹر پر سال 2017ء کادوسرا مقبول ترین ٹوئٹ سابق امریکی صدر بارک اوباما کا رہا ٗجو انہوں نے اگست میں شارلوٹزویل میں پیش آنے والے تصادم کے ردعمل کے طور پر دیا ۔اس ٹوئٹ میں اوباما کا کہنا تھا کہ کوئی شخص
کسی کے مذہب،رنگ اور نسل کی نفرت لے کر پیدا نہیں ہوتا۔اوباما کے اس ٹوئٹ کو 46لاکھ سے زائد ٹوئٹر صارفین نے پسند کیا جبکہ 17لاکھ سے زائد افراد نے اسے ری ٹوئٹ کیا۔رواں سال کا تیسرا مقبول ترین ٹوئٹ امریکا کی پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کا تھا جس میں ہوسٹن میں طوفان کے باعث ہونے والے تباہی کے بعد امداد جمع کرنے کی درخواست کی گئی، جسے ساڑھے 11لاکھ سے زائد افراد نے ری ٹوئٹ کیا۔